امریکا میں سکّوں کی قلت پیدا ہوگئی، بینک اور دکاندار پریشان

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے بعد پینی (ایک سینٹ کا سکّہ) بنانا بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث امریکا بھر کے بینک اور ریٹیلرز سکّوں کی شدید کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ متعدد بینکوں اور اسٹورز کے پاس اب اتنی پینیاں باقی نہیں رہیں کہ وہ صارفین کو درست بقایا رقم واپس کر سکیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ٹریژری ڈیپارٹمنٹ نے مئی میں اعلان کیا تھا کہ وہ کاپر اور زنک کے خالی دھات کے ڈسک (planchets) کی آخری کھیپ منگوا رہا ہے۔ جون 2024 میں آخری پینی تیار کی گئی اور اگست تک وہ تمام بینکوں کو تقسیم کر دی گئیں۔ اس کے بعد امریکی مینٹ نے پینی کی پیداوار مستقل طور پر روک دی۔

دکانداروں کی مشکلات بڑھ گئیں

سکّوں کی عدم دستیابی کے باعث کئی دکاندار اب لین دین میں دشواری کا شکار ہیں۔ مشہور کنوینینس اسٹور چین Sheetz نے گاہکوں سے کہا کہ جو 100 پینیاں واپس لائے گا، اُسے ایک مفت مشروب دیا جائے گا۔ ایک اور ریٹیل کمپنی کا کہنا ہے کہ پینی ختم ہونے سے اُسے لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوگا، کیونکہ صارفین سے زیادہ رقم لینا قانونی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے انہیں ہر ٹرانزیکشن پر چند سینٹس کم وصول کرنے پڑ رہے ہیں۔

نیشنل ریٹیل فیڈریشن کے نمائندے ڈیلن جیون کا کہنا تھا کہ “یہ معمولی مسئلہ نہیں، ہم واقعی نقصان اٹھا رہے ہیں کیونکہ ہم قانون کے مطابق زیادہ وصول نہیں کر سکتے۔”

بینکوں میں سکّوں کا ذخیرہ ختم

لوئیزیانا کے Guaranty Bank & Trust Co. کے صدر ٹروئے رچرڈز کے مطابق بینک کے پاس موجود 1,800 ڈالر مالیت کی پینیاں (سکّے) صرف دو ہفتوں میں ختم ہوگئیں۔ اب بینک صرف محدود گاہکوں کو تھوڑی مقدار میں پینی فراہم کر رہا ہے۔
رچرڈز نے بتایا کہ فیڈرل ریزرو نے انہیں ای میل کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ پینی کی ترسیل محدود ہوگی، لیکن دراصل اس کا مطلب مکمل بندش نکلا۔

قانونی پیچیدگیاں اور نقصان

چونکہ کئی امریکی ریاستوں میں قانون کے مطابق خرید و فروخت کی رقم کو بغیر اجازت اوپر گول (Round Up) نہیں کیا جا سکتا، اس لیے ریٹیلرز مجبوراﹰ Round Down کر رہے ہیں یعنی صارفین سے کم رقم لے رہے ہیں۔

کووک ٹرپ اسٹورز کا کہنا ہے کہ وہ ہر نقد ٹرانزیکشن کو قریبی نِکل (پانچ سینٹ) تک نیچے گول کر رہے ہیں، جس سے انہیں سالانہ تقریباً 30 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles