26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے مزید 4 کارکنوں کو سزائیں


راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے 26 نومبر احتجاج کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے مزید 4 ملزمان کو سزا سنادی ہے۔
منگل کے روز راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت کی ہے۔
سزا تھانہ انجرا ضلع اٹک کے مقدمہ نمبر 212 میں سنائی گئی۔ عدالت نے ملزمان جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان کو 4،4 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
جج امجد علی شاہ کے روبرو 4 ملزمان نے اقبال جرم کیا جبکہ جج نے ملزمان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے استغاثہ کی جانب سے ملزمان پر الزامات عدالت کو بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس اور ریاستی املاک پر حملہ کیا، ملزمان ریاست کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقص امن کا باعث بنے۔
ملزمان نے الزامات کا دفاع نہیں کیا اور الزامات کو قبول کرلیا۔ ملزمان نے اقبالی بیان دیا کہ قیادت کے اکسانے پر احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ میں شامل ہوئے۔
ملزمان نے استدعا کی کہ غریب ہیں، عدالت سے رحم کی اپیل ہے۔ عدالت نے عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ نومبر احتجاج کے مقدمات میں سزا پانے والوں کی مجموعی تعداد 113 ہو گئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles