مفت میں انٹرویوز نہیں دے سکتی، جویریہ سعود
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ جویریہ سعود نے کہا ہے کہ میں مفت میں انٹرویوز نہیں دے سکتی۔
حال ہی میں معروف و سینئر اداکارہ جویریہ سعود نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اُن کو نیلے رنگ کی ساڑھی پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں انہوں نے کہا کہ ان کا اپنے تمام دوستوں اور انٹرویوز کے لیے درخواست کرنے والوں کے لیے بھی یہی جواب ہے کہ وہ مفت میں انٹرویوز نہیں دے سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ مفت میں انٹرویوز دینے کے بجائے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور اسکرپٹ لکھنے کو زیادہ ترجیح دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ڈیجیٹل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز اپنے مواد اور چینلز کو مونیٹائز کرکے پیسے کماتے ہیں، اس لیے وہ ان کے ساتھ معاوضے کی ادائیگی کے تحت ہی کام کر سکیں گی جو کہ ان کا حق بھی ہے۔
جویریہ سعود نے مزید کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے سوالوں کے جوابات اپنے یوٹیوب چینلز پر دیتی ہیں اور ان کے لیے وہیں پر مواد بھی شیئر کرتی ہیں، انہیں مفت میں پوڈکاسٹس میں جانے کا شوق نہیں۔