پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد طوفانی بارشوں کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، سکھر، دادو، بدین، نواب شاہ، تھرپارکر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور شکارپور میں آج سے بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں بادل برسنے کے بعد اب سندھ کی باری ہے، جہاں محکمہ موسمیات نے آج شام سے صوبے بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گھوٹکی، سکھر، سانگھڑ، عمر کوٹ اور تھرپارکر میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بدین، سجاول، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور مٹیاری میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
ادھر لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، شکارپور اور جیکب آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں بھی شام سے بارش کا آغاز متوقع ہے، جو ہفتے کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور نچلے علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔