معروف پیرانارمل ریسرچر اور نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ (NESPR) کے مرکزی محقق ڈین ریویرا 54 برس کی عمر میں پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔
پیرانارمل محقق ڈین ریویرا “ڈیولز آن دی رن” نامی تحقیقاتی ٹور کے سلسلے میں گیٹس برگ میں مقیم تھے، جہاں وہ ایک ہوٹل کے کمرے میں 13 جولائی 2025 کو بے ہوش پائے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اُن کے ساتھیوں نے فوری طور پر انہیں سی پی آر دینے کی کوشش کی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ڈین ریویرا اس ٹور کے دوران بدنامِ زمانہ شیطانی گڑیا “اینابیل” پر تحقیق کر رہے تھے، جسے اکثر خوفناک اور مافوق الفطرت طاقتوں کا حامل سمجھا جاتا ہے، تاہم اینابیل کو ٹور کے مختلف مقامات پر عوام کے سامنے بھی پیش کیا جا رہا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق ہوٹل کے کمرے میں کسی مشتبہ سرگرمی یا پرتشدد واقعے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جو آئندہ 60 سے 90 روز میں متوقع ہے۔
این ای ایس پی آر نے ڈین ریویرا کی موت کو ایک “گہرا صدمہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے ٹیم کے اہم اور وفادار رکن تھے، جنہوں نے نہ صرف سائنسی تحقیق بلکہ عوامی شعور اجاگر کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
ڈین ریویرا کی اچانک موت نے پیرانارمل کمیونٹی میں خوف اور قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے، کئی حلقوں کا ماننا ہے کہ اینابیل پر تحقیق کے دوران کچھ “مافوق الفطرت اثرات” ہوسکتے ہیں جو اس پراسرار موت سے جُڑے ہوں، چونکہ وہ انہی دنوں میں اس گڑیا اور دیگر شیطانی اشیاء پر گہرائی سے تحقیق کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ ریویرا ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی پیرانارمل ویڈیوز کے باعث خاص طور پر نوجوانوں میں انتہائی مقبول تھے، ان کے تحقیقی ٹورز کے تمام ٹکٹس اکثر مکمل فروخت ہو جاتے تھے، جیسا کہ گیٹس برگ میں حالیہ ایونٹ کے لیے 1,200 سے زائد ٹکٹ پہلے ہی خریدے جا چکے تھے۔