مکان کی چھت گرنے سے بھائی اور بہن جاں بحق، بجلی کے کھمبے گر کر ریلوے ٹریک پر جا پڑے


ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے، جب کہ کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
پاکپتن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بھائی اور بہن جاں بحق ہوگئے، جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رائیونڈ میں ایک شخص گڑھے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق گڑھا بارش کے پانی کے باعث بھر چکا تھا اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ننکانہ صاحب میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ رونما ہوا، جہاں ایک مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
چنیوٹ میں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے گر کر ریلوے ٹریک پر جا پڑے، جس کے باعث ٹریک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ محکمہ ریلوے کی ٹیمیں مرمت کے کام میں مصروف ہیں تاکہ جلد از جلد ریل سروس بحال کی جا سکے۔
ایبٹ آباد میں مری روڈ سمیت کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور مسافر کئی گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔
ادھر حافظ آباد، شیخوپورہ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نکاسی آب کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles