صیہونی فورسز کے غزہ میں فضائی حملے جاری، مزید 28 فلسطینی شہید

صیہونی فورسز کے غزہ بھر میں وحشیانہ فضائی حملے جاری ہیں۔ آج بھی مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 28 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق سب سے المناک واقعہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا، جہاں پانی کے حصول کے لیے جمع بچوں پر اسرائیلی میزائل برسائے گئے، جس میں 6 بچوں سمیت کم از کم 10 افراد شہید ہو گئے۔

دوسرا حملہ غزہ یونیورسٹی کے قریب ہوا، جہاں خاتون سمیت 3 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

ادھر الشفا اسپتال میں ایندھن کی شدید قلت کے باعث ایک نومولود بچہ جان کی بازی ہار گیا، جس نے طبی امداد نہ ملنے کے خلاف انسانی المیے کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 58,026 ہو چکی ہے، جبکہ ہزاروں زخمی اسپتالوں میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles