اسحاق ڈار کا تین روزہ دورہ چین، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے


نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج سے چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں چین، روس، بھارت، بیلاروس، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
یہ اجلاس خطے میں بڑھتے ہوئے تعاون، سیاسی ہم آہنگی اور اقتصادی اشتراک پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ پہلی مرتبہ بطور رکن ملک اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں، جو ایس سی او کی توسیع میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار کی روس، چین اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود بیجنگ پہنچ چکے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف بھی چین پہنچ چکے ہیں، جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں روس-چین تعلقات اور خطے کے دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے سے پاکستان کو علاقائی تعاون، معاشی روابط اور خارجہ پالیسی کے فروغ کا ایک اہم موقع میسر آئے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles