
وفاقی حکومت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایف سی کو ملک گیر وفاقی فورس میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری ایکٹ 1915 میں ترامیم کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ایف سی کے دائرہ اختیار کو بڑھانے کے لیے ایک آرڈیننس جاری کیا جائے گا، اس فورس کا نام بدل کر فیڈرل کانسٹیبلری رکھا جائے گا، فیڈرل کانسٹیبلری کو چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار دیا جائے گا جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد، نئی فورس ملک بھر میں بھرتی کی جائے گی، جس کے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے، فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کریں گے جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری سے ملکی داخلی سلامتی کے قیام میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔