سٹی کورٹ کراچی میں لیاری میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے سے متعلق پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 6 ڈائریکٹرز، عمارت کے مالک سمیت 14 افراد کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ سندھ کے ایک افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے مطابق 1986 میں عمارت کے مالک نے دو حصوں پر مشتمل گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت تعمیر کی تھی۔دونوں حصے کافی عرصے سے خستہ حال اور ناقابل رہائش ہو چکے تھے۔حادثے کا شکار ہونے والا 20 فلیٹوں پر مشتمل حصہ ایس بی سی اے کی غفلت کی نذر ہو گیا۔
لیاری میں ایک اور عمارت ڈولنے لگی، 4 منزلہ عمارت کا زینہ گر گیا، دیواروں میں دراڑیں
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس بی سی اے افسران کو 2022 سے عمارت کی خستہ حالی کا علم تھا، مگر کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق افسران نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوئی۔حادثے میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت 27 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔