پاکستان کا کرپٹو کرنسی کی دنیا میں بڑا قدم، بٹ کوائن ذخائر قائم کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈیجیٹل اثاثوں کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کے پیش نظر پاکستان نے کرپٹو کرنسی کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ملک میں بٹ کوائن ذخائر قائم کیے جائیں گے۔

نیو یارک کے معروف آزاد میڈیا پلیٹ فارم کوائن ٹیلی گراف میگزین نے پاکستان کے کرپٹو اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت میں مالی استحکام اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک مثبت سنگ میل ہے۔

وزیر مملکت اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب کے مطابق پاکستان میں موجود بٹ کوائنز کو قومی ذخیرے میں شامل کیا جائے گا اور ان سے ڈی سینٹرلائزڈ فنانس کے ذریعے آمدن حاصل کی جائے گی۔ بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ ڈی فائی پروٹوکولز کے تحت پاکستان بغیر کسی بینکنگ سسٹم کے قرضہ جات اور مالی لین دین ممکن بنا سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ای سی پی مل کر ایک مضبوط اور محفوظ کرپٹو فریم ورک تشکیل دیں گے، جو کہ ملک میں ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال کو محفوظ، مؤثر اور قابل اعتماد بنائے گا۔

بٹ کوائن کی قیمت میں دھماکہ خیز اضافہ، قیمت 1 لاکھ 17 ہزار کو پہنچ گئی

بلال بن ثاقب نے حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ کرپٹو سرمایہ کار اور مائیکرو اسٹریٹیجی کے بانی مائیکل سیلر سے ملاقات کی، جس میں مائیکل سیلر کو پاکستان کے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو میں مشیر بننے کی پیشکش بھی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں کرپٹو کرنسی اپنانے میں پاکستان دنیا بھر میں نویں نمبر پر رہا، جو اس شعبے میں پاکستان کی تیز رفتار ترقی کا ثبوت ہے۔

یہ اقدام نہ صرف پاکستان کو ڈیجیٹل فنانس میں صف اول کے ممالک کی فہرست میں شامل کرے گا، بلکہ عالمی سطح پر کرپٹو انویسٹمنٹ کی حوصلہ افزائی اور ملکی معیشت میں بہتری کا ذریعہ بھی بنے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles