پشین کے 55 سالہ شخص نے میٹرک پاس کر کے سب کو حیران کر دیا


پشین میں 55 سالہ چپڑاسی فیض الحق نے میٹرک پاس کر کے سب کو حیران کر دیا۔ غربت کے باعث بچپن میں تعلیم ادھوری چھوڑنے والے فیض الحق نے پرائیویٹ طور پر میٹرک کا امتحان دے کر اپنی برسوں پرانی خواہش پوری کی۔
بلوچستان کے ضلع پشین میں سرکاری اسکول کے 55 سالہ چپڑاسی فیض الحق نے ثابت کر دیا کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نوآباد میں چپڑاسی کی حیثیت سے کام کرنے والے فیض الحق نے پرائیویٹ طور پر میٹرک کا امتحان پاس کر کے اساتذہ اور ساتھیوں کو حیران کر دیا۔
گزشتہ روز فیض الحق کے رزلٹ کا اعلان ہوا، جس میں انہوں نے 600 نمبر حاصل کیے اور سیکنڈ ڈویژن میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی اس کامیابی پر اسکول کے اساتذہ نے پھولوں کا ہار پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا اور ان کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیض الحق کا کہنا ہے کہ غربت اور خاندان کی ذمہ داریوں کے باعث بچپن میں تعلیم ادھوری رہ گئی تھی، مگر دل میں ہمیشہ پڑھنے کی لگن موجود رہی۔ دو سال قبل انہوں نے پرائیویٹ طور پر آٹھویں جماعت کا امتحان پاس کیا، جس کے بعد اساتذہ اور ساتھی عملے کی حوصلہ افزائی نے انہیں میٹرک کرنے پر آمادہ کیا۔
ان کی محنت، استقامت اور جذبہ نہ صرف ان کے لیے باعث فخر ہے بلکہ وہ ان سب افراد کے لیے بھی ایک روشن مثال بن گئے ہیں جو کسی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کر سکے لیکن دوبارہ کوشش کرنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles