عہدے سے برطرف کئے جانے کے کچھ دیر بعد روس کے وزیر ٹرانسپورٹ کی گاڑی میں گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے سابق وزیر ٹرانسپورٹ رومن اسٹاروویت پیر کے روز ماسکو میں مردہ پائے گئے، موت سے چند گھنٹے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے انہیں ان کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔ 53 سالہ اسٹاروویت کی لاش ان کی ٹیسلا گاڑی میں ملی جہاں انہیں گولی لگی ہوئی تھی۔
ادھر روسی تحقیقاتی کمیٹی نے تصدیق کی کہ اسٹاروویت کی لاش ان کے گھر کے قریب ایک مقامی پارک کے پاس جھاڑیوں سے برآمد ہوئی، اور جائے وقوعہ سے ان کی رجسٹرڈ پستول بھی برآمد ہوئی ہے۔ تحقیقات کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسٹاروویت کی موت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
امریکی ریاست پنسلوانیا میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رومن اسٹاروویت نے تقریباً پانچ سال تک روس کے کرُسک (Kursk) خطے کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں، اس کے بعد مئی 2024 میں وہ وزیر ٹرانسپورٹ بنے۔ گورنر کے طور پر ان کے دور میں 2022 میں یوکرین کی سرحد پر دفاعی اقدامات کے لیے تقریباً 19.4 ارب روبل (تقریباً 246 ملین امریکی ڈالر) مختص کیے گئے تھے۔
اس کیس نے اس وقت زور پکڑا جب ان کے جانشین اور سابق نائب، الیکسی سمرنوف کو رواں سال کے آغاز میں گرفتار کیا گیا اور ان پر دفاعی فنڈز میں خردبرد کے الزامات عائد کیے گئے۔ پیر کو روسی میڈیا نے اطلاع دی کہ سمرنوف نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اسٹاروویت بھی اس کرپشن میں ملوث تھے۔ تاہم، سمرنوف کے وکیل نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا، اور اسٹاروویت کے خلاف باضابطہ طور پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے گئے تھے۔
غزہ کا زیر قبضہ 75 فیصد سے زائد علاقہ خالی کردیں گے، 25 فیصد پر جنگ جاری رکھنا ضروری ہے، اسرائیلی وزیر دفاع
ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے ایک ذرائع نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹاروویت کا عہدہ کئی مہینوں سے نگرانی میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاروویت کا نام خاص طور پر کرُسک بارڈر پر حملے کے بعد بار بار سامنے آ رہا تھا، بہت سے لوگ یہ سوال اٹھانے لگے تھے کہ اتنی بھاری فنڈنگ کے باوجود ایسی کمزوری کیسے ممکن ہوئی؟
روسی تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ برطرف وزیر ٹرانسپورٹ نے ممکنہ طور پر خودکشی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹاروویت طلاق یافتہ تھے اور ان کی دو بیٹیاں تھیں۔
بحران کے دوران نئے وزیر کا تقرر
اسٹاروویت کی برطرفی اور موت کے بعد، کریملن نے اعلان کیا کہ نوگورود کے سابق گورنر آندرے نیکیٹن کو عبوری وزیرِ ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی میڈیا نے نیکیٹن اور صدر پیوٹن کی کریملن میں مصافحے کی تصاویر بھی جاری کیں۔