
لاہورکے علاقے شاہدرہ میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم سن ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 13 سالہ حاشر ولد عمر نامی لڑکا تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پیچھے سے موٹرسائیکل سواروں کو روندتا چلا گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت امین کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ لاش کو میو اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے کم عمر ڈرائیور کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ متوفی امین کے بھائی ملک نوید کی مدعیت میں دفعہ 322,337 اور427 کے تحت درج کیا گیا۔
سوات: سیاحوں کا رکشہ کھائی میں جاگرا، ایک جاں بحق، چار زخمی
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں مزید دو افراد بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں شہری جمع ہو گئے اور پولیس کو صورتحال کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کم سن ملزم شاہدرہ ٹاؤن کا رہائشی ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔