وفاقی حکومت کا بجلی بلوں میں سے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے بجلی بلوں میں سے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے وزیرِ توانائی اویس لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بجلی کے بلوں میں شامل صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط ارسال کر دیے ہیں، جس میں کہا گیا کہ جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند ہوگی۔

وزیر توانائی نے خط میں لکھا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں، بلوں میں متعدد چارجز اور ڈیوٹیوں سے صارفین الجھن کا شکار ہیں۔

خط میں وفاقی وزیر نے بجلی کے نرخ کم کرنے کے حکومتی اقدامات بھی اجاگر کیے۔ وفاقی وزیر نے خط میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی پر کام جاری رکھنے کا بھی ذکر کیا۔

اویس لغاری نے لکھا کہ بل صرف بجلی کے اصل خرچ کو ظاہر کریں، یہی ہمارا ہدف ہے، صوبے متبادل ذرائع سے ڈیوٹی وصولی کے طریقے تجویز کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اضافی چارجز کا خاتمہ اور صارفین سے بلوں کے ذریعے صرف بجلی کی قیمت وصول کرنا چاہتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles