
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں بیوی نے اپنے شوہر اور بھتیجی کو ناجائز تعلقات کے شبے میں تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے ملزمہ نے ساتھی کی مدد سے دونوں کا قتل کیا۔
پولیس کے مطابق دوہرے قتل کی یہ واردات باغبانپورہ کے علاقے میں ہوئی جہاں ایک خاتون نے 16 سالہ شازیہ اور 50 سالہ شوکت کو تیز دھار آلے سے قتل کیا جبکہ 55 سالہ ملزمہ زینب کو اپنے شوہر اور بھتیجی کے مابین ناجائز تعلقات کا شبہ تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا جبکہ ملزمہ کو بھی آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کو دوہرے قتل کی واردات میں اس گھر کے دیگر افراد کی معاونت کا بھی شبہ ہے، جس کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔