ثنا یوسف کے لرزہ خیز قتل پر ثانیہ سعید آبدیدہ، خواتین کے تحفظ پر سوالات اٹھادیے

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور باوقار اداکارہ ثانیہ سعید ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے لرزہ خیز قتل پر آبدیدہ ہوگئیں اور خواتین کے تحفظ پر سوالات اٹھادیے۔

اداکارہ ثانیہ سعید حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے سوشل میڈیا اسٹار ثنا یوسف کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران ثنا یوسف کا نام لیتے ہوئے اداکارہ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

ثانیہ سعید نے کہا کہ میں ہر روز خواتین کے قتل کی خبروں کے ساتھ دن کا آغاز کرتی ہوں، ثنا یوسف کا قتل کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک خوفناک معاشرتی رجحان کا حصہ ہے۔

اداکارہ نے اس المیے کو معاشرتی بےحسی کا آئینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے نے ظلم اور تشدد کو معمول بنا لیا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ہم اکثر ظلم کو جواز دے کر نظرانداز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو ایک نہایت خطرناک سوچ ہے، ثنا ایک سادہ اور بےضرر لڑکی تھی، جس کا کسی تنازع سے کوئی تعلق نہیں تھا، پھر بھی اسے نشانہ بنایا گیا۔

ثانیہ سعید نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خودمختاری کے لیے آواز بلند کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میرا جسم میری مرضی’ جیسا نعرہ بےراہ روی نہیں، بلکہ اس حق کا مطالبہ ہے کہ عورت کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کی آزادی حاصل ہو۔

اداکارہ نے معاشرے میں مردوں کی جذباتی ناپختگی کو بھی خواتین پر ہونے والے تشدد کی ایک بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ مسئلہ نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کی نفسیاتی بےچینی کی بھی علامت ہے۔

یاد رہے کہ ثانیہ سعید کے ان خیالات نے نہ صرف مداحوں کو متاثر کیا بلکہ اس اہم مسئلے پر نئی بحث کو بھی جنم دیا کہ خواتین کے تحفظ اور سماجی رویوں میں تبدیلی اب ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles