قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج، ترقیاتی بجٹ کی منظوری متوقع


قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں آئندہ مالی سال 2025-2026 کے قومی ترقیاتی بجٹ اور میکرو اکنامک اہداف کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے، چاروں وزرائے اعلیٰ، وزرائے خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے قومی ترقیاتی پلان، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور مختلف شعبہ جات کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ چار ہزار ارب روپے تک رکھنے کی تجویز ہے، جب کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی بجٹ 2025-26 کی تیاریاں مکمل، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب
اجلاس میں میکرو اکنامک فریم ورک کی منظوری دی جائے گی جس میں معاشی شرح نمو، مہنگائی کی رفتار، برآمدات، درآمدات، مالیاتی خسارہ، اور ٹیکس محصولات کے اہداف شامل ہوں گے۔ ساتھ ہی زراعت، صنعت، خدمات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز، مالیاتی استحکام، سرمایہ کاری بڑھانے اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی پر بھی مشاورت ہوگی۔
تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑا ریلیف: آئی ایم ایف انکم ٹیکس کی شرح میں کمی پر آمادہ
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران موجودہ معاشی صورتحال پر گفتگو کریں گے اور ترقیاتی حکمت عملی کو معیشت کی بہتری سے مشروط کرنے کی ہدایت کریں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles