پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور کامیاب لکھاری سائرہ رضا حرکت قلب بند ہونے کے باعث 3 جون کو انتقال کرگئیں۔
سائرہ رضا نے “دل موم کا دیا، میرے ہمسفر، انتقام اور یحییٰ” جیسے مقبول ڈرامے تحریر کیے جو ناظرین میں بے حد پسند کیے گئے۔ ان کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین ڈراما نگاروں میں ہوتا ہے۔
انتقال سے ایک روز قبل سائرہ رضا کے قریبی دوستوں نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں اور مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی گئی تھی مگر افسوس کہ وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اگرچہ ان کے اہل خانہ نے اب تک باقاعدہ طور پر ان کے انتقال کی تصدیق نہیں کی تاہم ان کے قریبی ساتھیوں اور دوستوں نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکار و کامیڈین انتقال کرگئے
سائرہ رضا کے فیس بک پیج پر بھی ان کے انتقال سے متعلق متعدد تعزیتی پوسٹس دیکھی گئی ہیں۔
شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات، ڈراما نگاروں اور ہدایت کاروں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فن اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سائرہ رضا نہ صرف بطور لکھاری جانی جاتی تھیں بلکہ وہ مختلف تقریبات میں بھی باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں اور انڈسٹری سے قریبی وابستگی رکھتی تھیں۔
ان کی اچانک موت کو فنِ ڈرامہ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔