پی پی 52 سیالکوٹ ضمنی انتخاب: ووٹوں کی گنتی جاری، ن لیگ آگے، پی ٹی آئی پیچھے


پنجاب کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی جبکہ پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آج نیوز کو موصول ہورہے ہیں، 8 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ آگے ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار حنا ارشد نے 5057 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط 3092 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اتوار کی چھٹی کے باوجود شدید گرمی کے باعث ووٹرز نے حق رائے دہی کے لیے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا اور اور پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد کم رہی۔
پولنگ کے دوران خفیہ ووٹ کی خلاف ورزی سامنے آئی جب ایک ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی حالانکہ بیلٹ پیپر کی تصویر لینا غیر قانونی عمل ہے۔
پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی اور غنڈہ گردی کے الزامات عائد کیے گئے۔
تاہم، الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کی خبر کو سراسر جھوٹ قرار دیا۔
خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طرف سے حنا ارشد، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ پی پی 52 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185ہے، پولنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے کل 1696 پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 185 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 11کو انتہائی حساس، 38 کو حساس اور 136کو نارمل قرار دیا گیا تھا جب کہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles