معروف اداکار فیصل قریشی کے نئے ڈرامے ’’بہروپیا‘‘ میں ان کے کردار سے بیٹا فرمان قریشی خوفزدہ ہوگیا۔
معروف اداکار فیصل قریشی کے نئے ڈرامہ سیریل ’’بہروپیا‘‘ میں ان کی جاندار اداکاری نے جہاں مداحوں کو حیران کردیا ہے وہیں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ڈرامے میں فیصل قریشی ایک ایسے شخص کا کردار نبھا رہے ہیں جو ملٹی پل پرسنالٹی ڈس آرڈر کا شکار ہے اور نو مختلف کرداروں میں نظر آرہے ہیں جس پر ناظرین نے انہیں خوب سراہا ہے۔
تاہم حال ہی میں ان کی اہلیہ ثنا فیصل کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو نے صارفین کو ناراض کردیا۔
ویڈیو میں فیصل قریشی کا بیٹا فرمان قریشی اپنے والد کے ایک ڈرامائی منظر پر ردعمل دیتا نظر آتا ہے جس میں فیصل قریشی، اداکارہ مدیحہ امام کے کردار کو سیڑھیوں سے دھکا دیتے ہیں۔
منظر دیکھ کر کمسن فرمان خوفزدہ ہو جاتا ہے اور اپنی ماں سے سوال کرتا ہے ’’کیا بابا میں کوئی مونسٹر ہے؟‘‘۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کئی صارفین نے ثنا فیصل پر تنقید کی کہ انہوں نے اتنے چھوٹے بچے کو اس قسم کا سنجیدہ اور جذباتی منظر کیوں دکھایا۔
ایک صارف نے لکھا ’’یہ ایک بچے کی ذہنی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، ایسے مناظر مت دکھائیں‘‘۔

صارف نے ڈرامہ دیکھنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’اپنے بچے کو یہ ڈرامہ مت دکھائیں، میں نے آج کی قسط دیکھی جو میری لیے بہت پریشان کن تھا‘‘۔

عریج فاطمہ شاہ نامی صارف لکھتی ہیں ’’اوہ خدایا آپ کتنی غیر ذمہ دار ہیں، بچہ صدمے کا شکار ہوجائے گا۔ اپنے چھوٹے سے بچے کو یہ کیوں دکھارہے ہو؟‘‘۔

علاوہ ازیں دیگر صارفین نے مختلف تبصرے کیے اور فیصل قریشی کی اہلیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔



واضح رہے کہ مداحوں نے فیصل قریشی کی اداکاری کو تو سراہا لیکن ان کے بیٹے کو ڈرامے کے سنجیدہ مناظر دکھانے پر والدین کی ذمہ داری کا احساس دلایا۔