پاکستان کی معروف اداکارہ نیلم منیر کی حالیہ شادی نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے خوشی کی خبر بنی بلکہ ایک پرانی نجومی کی پیشگوئی کے سچ ہونے پر بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
نیلم منیر نے حال ہی میں دبئی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان سے شادی کی، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالے سے ایک نجومی نے تقریباً 9 سال قبل نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں ان کی شادی سے متعلق پیشگوئی کی تھی۔
اس نجومی کا کہنا تھا کہ نیلم منیر کی شادی کسی عرب ملک میں ہوگی اور ان کا شریکِ حیات یا تو عرب ہوگا یا وہاں مقیم کوئی پاکستانی نوجوان، تاہم اُس وقت خود نیلم منیر نے اس پیشگوئی کو محض ایک اتفاق یا دلچسپ بات سمجھا اور رفتہ رفتہ یہ بات سب کے ذہن سے محو ہو گئی۔
اب، تقریباً ایک دہائی بعد جب نیلم منیر کی شادی کی خبر سامنے آئی تو معلوم ہوا کہ ان کے شوہر دبئی میں مقیم ایک پاکستانی ہیں، جو کئی سالوں سے وہیں ملازمت کر رہے ہیں، تاہم یہ انکشاف سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں صارفین اس اتفاق کو حیران کن قرار دے رہے ہیں۔
جب نیلم منیر کو اس پرانی پیشگوئی کی یاد دلائی گئی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے اسے محض ایک “دلچسپ اتفاق” قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ چاہے یہ اتفاق ہو یا قسمت کا کھیل، 9 سال پرانی پیشگوئی کا یوں سچ ثابت ہونا یقیناً حیران کن ہے۔