پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو لندن کے علاقے الفورڈ میں ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں وہ اپنی آنے والی فلم “لو گرو” کی تشہیر کے لیے شریک تھیں۔
یہ ایونٹ الفورڈ کی ایک انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں منعقد کیا گیا تھا جہاں ماہرہ خان کے ہمراہ اداکار ہمایوں سعید بھی موجود تھے، تاہم سیکیورٹی کے ناکافی انتظامات کے باعث ہجوم پر قابو پانا ممکن نہ ہو سکا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایونٹ کے دوران موجود چند افراد کے نامناسب رویے کے باعث ماہرہ خان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بدنظمی کے دوران اداکارہ کو اسٹور کے اندر داخل ہونے میں مشکلات پیش آئیں اور کچھ افراد نے ان کی نجی حدود کی خلاف ورزی کی، جس پر وہ واضح طور پر نالاں اور غیرمحفوظ محسوس کرتی دکھائی دیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماہرہ خان ایونٹ کے مقررہ حصے کے تحت اسٹور کی چھت پر جا کر مداحوں کو ہاتھ ہلانا چاہتی تھیں، تاہم واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ماہرہ اور ہمایوں سعید کو مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاحال نہ تو ماہرہ خان اور نہ ہی ایونٹ کے منتظمین کی جانب سے واقعے پر کوئی باقاعدہ بیان جاری کیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر واقعے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم “لو گرو” 6 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی، جس کے لیے یہ ایونٹ تشہیری مہم کا حصہ تھا۔