معروف ٹک ٹاکر، ماڈل اور پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ جنت مرزا نے دل ٹوٹنے کے بعد موو آن کرنے اور ماضی کی تلخیوں سے نکلنے کا گر مداحوں کو بتا دیا۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر جنت مرزا نے حال ہی میں اپنے بریک اپ کے بعد ذاتی تجربے کی روشنی میں مداحوں کو جذباتی طور پر مضبوط رہنے اور ماضی کی تلخیوں سے نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔
ٹک ٹاکر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے خود کو ہنستے ہوئے ’لَو گرو‘ قرار دیا اور کہا کہ اگر کوئی شخص آپ کو دھوکہ دے یا برا سلوک کرے، تو سب سے اہم قدم یہ ہے کہ اسے دل سے معاف کر دیا جائے۔
جنت مرزا نے کہا کہ اگر آپ نے کسی کو معاف نہیں کیا، تو آپ کبھی بھی ذہنی سکون کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے۔ یہ ایک حقیقت ہے۔
انہوں نے حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزمائے ہوئے کو دوبارہ آزمانا عقلمندی نہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں جنت مرزا نے مداحوں پر زور دیا کہ زندگی میں اگر کوئی شخص دل دکھا جائے تو انتقام یا نفرت کے بجائے معافی کا راستہ اختیار کریں تاکہ زندگی میں سکون، بہتری اور نئی شروعات ممکن ہو سکے۔