کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی قریبی دوست اور اداکارہ یشما گل کو ایک خوبصورت بلی ’ایشوریا‘ کا تحفہ دے دیا۔
یشما گل نے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں ہانیہ عامر کے ساتھ ملاقات کی چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہانیہ اپنی دوست یشما کو بلی تحفے میں دے رہی ہیں، جس کا نام ’ایشوریا‘ ہے۔
اپنی پوسٹ میں یشما گل نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ان کے پالتو کتے ’جو جو‘ کی حالیہ موت نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کیا اور اب ’ایشوریا‘ کا ملنا ان کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے۔
قبل ازیں ہانیہ عامر نے اپنے مداحوں کو ’ایشوریا‘ سے متعارف کرواتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بلی اب ان کے خاندان کا حصہ بن چکی ہے۔
یشما گل اور ہانیہ عامر جو کہ شوبز انڈسٹری میں بہترین دوستی کے حوالے سے جانی جاتی ہیں، ان کو اکثر مختلف تقریبات اور تفریحی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے، اس بار بھی دونوں کی باہمی محبت اور دوستانہ تعلقات نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس خوبصورت لمحے کو سراہا اور دونوں اداکاراؤں کی دوستی کو قابلِ تقلید قرار دیا۔