
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف لگانے کے اعلان کے بعد جہان دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ زوال پزیر ہوئیں وہیں ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد کمی آگئی، کرپٹو کے سرمایہ کار کنگال ہوگئے۔
امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان کردہ ٹیرف کے بعد ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد کمی ہوگئی، جس کے بعد بٹ کوائن کی قیمت گر کر 75 ہزار 648 ڈالر فی کوائن پر آگئی جبکہ اس کا تجارتی حجم 51 ارب 94 کروڑ ڈالر ہے۔
اس سے قبل 2024 کے اواخر میں نومنتخب صدر کے معاشی ترقی کے وعدوں کے بعد بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی جبکہ رواں سال جنوری میں بٹ کوائن کی ٹریڈنگ ایک لاکھ 9 ہزار 993 ڈالر پر کی گئی۔
تاہم اب صدر ٹرمپ کے فیصلوں کے بعد بٹ کوائن کی قیمت بھی گراوٹ کا شکار ہے جس میں تاریخی سطح سے اب تک 34 ہزار 345 ڈالر کم ہوگئی۔