
بلوچستان میں پھر خونریزی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گوادرمیں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے واقعے کی مذمت کی ہے۔
پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کا اتار کر ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ سے 5افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ تاہم فائرنگ سے زخمی شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ادھر مستونگ میں کار پر فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکارجاں بحق اور شخص ایک زخمی ہو گیا، لیویز چوکی پر مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی۔
صدرمملکت کی مذمت
صدرآصف زرداری نے کلمت میں مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کی ہے اوردہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پراظہار افسوس کیا۔
صدرمملکت واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں، دہشتگرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
صدر آصف زرداری نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم شہباز نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی سخت مذمت کی ہے، وزیراعظم نے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبرکی دعا کی۔
وزیراعظم کی زخمی کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ذمہ داروں کوقرارواقعی سزایقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شرپسندعناصربلوچستان کےامن وترقی کےدشمن ہیں، شرپسند عناصرکی بزدلانہ کاروائیاں حیوانیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ شرپسند عناصرکے ملک دشمن عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی ملک دشمنوں کے خلاف کاررائیوں کی پزیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزملک دشمن عناصرکے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔ قوم کو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، شناخت کر کے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
ادھر مستونگ میں کار پر فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکارجاں بحق اور شخص ایک زخمی ہو گیا۔ لیویز چوکی پر مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے منگچر میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 4 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے منگچر کی ملنگ زئی میں ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔