
خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں تفریحی مقام تانڈہ ڈیم کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تفریحی مقام تاندہ ڈیم میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس ائی مصطفی اور پولیس اہلکار زاہد کو قتل کردیا جبکہ پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو کوہاٹ کے ڈی اے اسپتال منتقل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے ملزمان کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا۔
دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کرنے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ اس حوالے سے تفتیشی عمل جاری ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت
دریں اثنا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمٰن کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمن نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، خیبرپختونخوا پولیس کےسپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔