
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں بھارت کا ترانہ چلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے احتجاج کیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کرلی۔
لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے قبل بھارتی ترانہ بجنے پر تنقید ہونی لگی، میچ میں آسٹریلیا کے ترانے سے قبل بھارت کا قومی ترانہ چند سیکنڈز کے لیے چلا۔
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارت کا ترانہ بجنا پی سی بی کی نہیں آئی سی سی کی غلطی تھی، ایونٹ آئی سی سی کا ہے اور غلطی بھی آئی سی سی سے ہوئی ہے، آئی سی سی نے 8 ممالک کے ترانے رکھے تھے، آسٹریلیا کی جگہ براڈ کاسٹرز نے بھارت کا ترانہ پلے کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آسٹریلیا انگلینڈ میچ میں بھارت کا ترانہ چلنے پر پی سی بی نے آئی سی سی سے احتجاج کیا ہے۔
پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ سنگین غلطی پر آئی سی سی باضابطہ طور پر وضاحت پیش کرے۔
واضح رہے کہ 20 فروری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لائیو کوریج کے دوران ٹورنامنٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی۔
آئی سی سی ایونٹس میں لائیو نشریات کے دوران براڈ کاسٹرز کی جانب سے ایونٹ کا لوگو نمایاں کیا جاتا ہے جس میں میزبان ٹیم کا نام ہمیشہ سے موجود ہوتا ہے لیکن بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ایسا نہ تھا۔
سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے دوران لائیو نشریات میں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور اس کے نیچے میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام بھی موجود ہے۔
تاہم، دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران ایسا نہ تھا، وہاں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو تو موجود تھا لیکن اس سے پاکستان کا نام غائب تھا۔