
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس امین الدین خان نے وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اس کیس میں سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ہے، عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے آج بھی کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے آغاز میں اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ روسٹم پر آئے اور کہا کہ آج عمران خان کے وکیل عذیر بھنڈاری نے دلائل دینے تھے، بھنڈاری صاحب سے بات کرلی ہے، آج میں دلائل دوں گا۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ لوگ آپس میں طے کر لیں، ہمیں اعتراض نہیں کہ دلائل کون پہلے دے کون بعد میں۔ اعتزاز احسن نے سلمان اکرم راجا کے گزشتہ روز کے دلائل پر اعتراض کیا اور کہا کہ سلمان اکرم راجا بھی میرے وکیل ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کل جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، میں نے سلمان اکرم راجہ کو ایسی کوئی ہدایت نہیں دی تھی، جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اعتراض شاید صرف آرٹیکل 63 اے والے فیصلے کے حوالے پر ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جسٹس منیب کے فیصلے کے صرف ایک پیراگراف سے اختلاف کیا تھا، کل دلائل ارزم جنید کی جانب سے دیے تھے اور ان پر قائم ہوں، میڈیا میں تاثر دیا گیا جیسے پتا نہیں میں نے کیا بول دیا ہے، آپ کے سوال کو سرخیوں میں رکھا گیا کہ عالمی قوانین میں سویلینز کے کورٹ مارشل کی ممانعت نہیں۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ جو سوال پوچھا تو وہ سب کے سامنے ہے، سوشل میڈیا نہ دیکھا کریں ہم بھی نہیں دیکھتے، سوشل میڈیا کو دیکھ کر نہ اثر لینا ہے نہ اس سے متاثر ہو کر فیصلے کرنے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ میڈیا کو بھی رپورٹنگ میں احتیاط کرنا چاہیے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ میرے خلاف بہت خبریں لگتی ہیں، بہت دل کرتا ہے جواب دوں، میرا منصب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ جواب دوں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بغیر کسی معذرت کے اپنے دلائل پر قائم ہوں۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ سوال تو ہم صرف مختلف زاویے سمجھنے کیلئے کرتے ہیں، ہو سکتا ہے ہم آپ کے دلائل سے متفق ہوں۔
اس کے بعد لطیف کھوسہ نے دلائل کا آغاز کر دیا۔ اعتزاز احسن نے اپنی درخواست کا نمبر تبدیل ہونے پر اعتراض اٹھایا اور کہا میری درخواست پہلے دائر ہوئی تھی۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ہیں، جواد ایس خواجہ کی بعد میں دائر درخواست کو میرا کیس نمبر الاٹ کردیا گیا۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ایسا نہ کریں ایسی باتوں سے اور کہیں پہنچ جائیں گے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اس کیس پر ہیں، اس کیس کی وجہ سے سپریم کورٹ انڈر ٹرائل ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ہے، عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا تاریخ پھر جائزہ لیتی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ لطیف کھوسہ صاحب آپ کا چشمہ آگیا ہے، قانونی نکات پر دلائل شروع کریں، پہلے سیکشن ٹو ڈی کی قانونی حیثیت پر دلائل دیں۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ سیکشن ٹو ڈی کو نو اور دس مئی کے ساتھ مکس نہ کریں، پہلے ان سیکشن کی آزادانہ حیثیت کا جائزہ پیش کریں، سیکشن ٹو ڈی کا نو مئی دس مئی پر اطلاق ہوتا ہے یا نہیں۔
لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ آئین میں بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، سیکشن ٹو ڈی برقرار نہیں رکھا جا سکتا، ملٹری کورٹس تشکیل کو تاریخی تناظر میں دیکھنا ہوگا۔
لطیف کھوسہ نے استدلال کیا کہ قرآن پاک اور دین اسلام بھی عدلیہ کی آزادی کا ذکر موجود ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عدلیہ کی آزادی خلفائے راشدین کے دور میں بھی تھی، حضرت عمر عدلیہ اورحکومت کے سربراہ رہے وہاں دونوں علیحدہ نہیں ہوئی۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ خلیفہ وقت کے خلاف یہودی کا فیصلہ آتا تھا وہ وقت بھی تھا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ سیکشن ٹو ڈی کا قانون 1967 میں لایا گیا، سیکشن ٹو ڈی کی وجہ سے پاکستان ٹوٹ گیا، ملک ٹوٹ کر دوسرا حصہ بنگلہ دیش بن گیا، حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ میں لکھا ہے کہ وہاں ادارے کے خلاف نفرت پیدا ہوئی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آئین میں قانون سازی کرنے پرکوئی ممانعت ہے؟
لطیف کھوسہ نے کہا کہ خصوصی عدالتوں کیلئے انہیں 21ویں ترمیم کرنا پڑی، سویلین کا خصوصی کورٹس میں ٹرائل نہیں ہوسکتا، خصوصی ٹرائل میں ججز اور ٹرائل آزاد نہیں ہوتا، اس لیے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات کی گئی۔
اس دوران جسٹس امین الدین خان نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ کھوسہ صاحب آپ پھر دوسری طرف چلے گئے ہیں۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں کسی جماعت کی نمائندگی نہیں کر رہا، ساری عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی ہے، سیکشن ٹو ڈی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، ملٹری ٹرائل خفیہ کیا جاتا ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ خواجہ حارث نے بتایا شفاف ٹرائل کا پورا طریقہ کار ہے، پروسیجر اگر فالو نہیں ہوتا تو وہ الگ ایشو ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ شفاف لا طریقہ کار لکھ دینے سے کیا فرق پڑتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کھوسہ صاحب تاریخ میں جائیں تو آپ کی بڑی لمبی پروفائل ہے، آپ وفاقی وزیر، سینیٹر، رکن اسمبلی، گورنر اور اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں، آپ نے ان عہدوں پر رہتے ہوئے ٹو ڈی سیکشن ختم کرنے کیلئے کیا قدم اٹھایا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہماری طرف سے بے شک آج پارلیمنٹ اس سیکشن کو ختم کردے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آپ کچھ اور بات یہاں کچھ اور بات کرتے ہیں، خصوصی عدالتیں تو بعد میں بنی، سقوط ڈھاکہ کی وجوہات کچھ اور تھیں۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ کے سامنے ہے 26 ترمیم کیسے پاس ہوئی، آپ اس میں فیصلہ دیں ہم فیصلہ پر عمل در آمد کروائیں گے، سویلین کا ٹرائل ختم کرنے پر عوام آپ کے شیدائی ہوجائیں گے۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ویں26 ترمیم کیسے پاس ہوئی، زبردستی ووٹ ڈلوائے گئے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ 26ویں ترمیم پر کس رکن نے استعفیٰ دیا؟ جس پر لطیف کھوسہ نے بتایا کہ اختر منگل نے رکن اسمبلی سے استعفیٰ دیا۔