
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ 12فروری پاکستان میں خواتین کا قومی دن ہے، میں سب بہنوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں، ملک میں صرف 5 فیصد خواتین سول سروس میں ہیں، خواتین کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر مکمل عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔
خواتین کے قومی دن کے حوالے سے آج ٹی وی کے خصوصی پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ کی میزبان منیزے جہانگیرسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ جنرل ضیا کی آمریت میں خواتین کی جدوجہد اور 12فروری کے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے یہ دن منایا جاتا ہے، جدوجہد ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے قانون کو دو بار تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، قانون پر مکمل عمل درآمد نہیں ہورہا ہے، مقامی سطح پر قوانین تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی بہن فاطمہ جناح کو تحریک پاکستان میں شامل کیا تھا، قانون ہم نے بہت بنائے ہیں، لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر بننے والے قوانین پر ہوم ورک کرنے کی ضرورت ہے، اور خواتین کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر عمل داری کرائی جانی چاہیے۔
سابق چیئرپرسن قومی ادارہ برائے وقار نسواں خاور ممتاز نے کہا ہے کہ اب بھی بہت ساری جگہوں پر کہا جاتا ہے کہ اگر دو عورتوں کی گواہی ہوتو بہتر ہے، ملک میں جو بھی قانون بنتا ہے اس کا مکمل طور پر اطلاق نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف دو بار قانون آچکا ہے، پہلے پوچھا جاتا ہے سمجھوتہ ہوا ہے، ایسے ملزمان چھوٹ جاتے ہیں، قانون سازی میں جلدی کی جاتی ہے، جس کے باعث قوانین میں خامیاں رہ جاتی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر شرکت گاہ فریدہ شہید نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا دن ہمارا قومی دن بن چکا ہے، آمریت کے دور میں بہت ساری پابندیاں تھیں، ہم نے جب جلوس نکالا تو پولیس نے گھیرائو کیا ہوا تھا، حبیب جالب نے اپنی نظمیں سنانے لگے تھے۔