
وزیراعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے دبئی میں ملاقات کی ہے، جس میں میکرو اکنامک استحکام اور آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر ہوئی، جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، کرسٹالینا جیورجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام پر پاکستان کی موثر عملدرآمدی کوششوں کو سراہا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ادارہ جاتی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی اور ٹیکس اصلاحات، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے معاشی استحکام، موثر کارکردگی اور پائیدار منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔