اے آر رحمان سے علیحدگی کے بعد سائرہ بانو کا اہم بیان سامنے آگیا
آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان سے علیحدگی کے بعد انکی سابقہ اہلیہ سائرہ بانو کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو نے ایک آڈیو بیان جاری کیا جس انہوں نے اپنا تعارف سائرہ رحمان کے نام سے کرایا اور کہا کہ میں اس وقت ممبئی میں ہوں۔ میں گزشتہ چند ماہ سے جسمانی طور پر ٹھیک نہیں، اس لیے میں نے اے آر سے تھوڑا وقفہ لینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے یوٹیوبرز اور تامل میڈیا سے درخواست کی کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں۔
سائرہ بانو نے کہا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے چنئی چھوڑنا پڑا، میں ممبئی میں اپنا علاج کرانے آئی ہوں اور یہ اے آر کے مصروف شیڈول کے ساتھ چنئی میں ممکن نہیں تھا، میں کسی کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، نہ اپنے بچوں کو اور نہ ہی انہیں۔
اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ نے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہیں۔ میں ان پر اپنی جان سے زیادہ بھروسہ اور پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات بند کریں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیں اور سکون میں رہنے دیں۔ ابھی ہم نے کچھ بھی باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا۔
سائرہ بانو نے کہا کہ میں جلد ہی چنئی واپس آؤں گی، لیکن پہلے مجھے اپنا علاج مکمل کرنا ہے، آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان کا نام خراب کرنا بند کریں، وہ ایک انمول شخصیت ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔